Saturday 14 October 2017

معیشت کے بیان پر تنازع: ’دانستہ پالیسی کے تحت افراتفری پیدا کی جا رہی ہے‘




Agencies:

پاکستان میں ان دنوں فوج اور سول حکومت کے درمیان تناؤ کی ایک وجہ ملک کی معاشی صورتحال بنی ہوئی ہے جس کا
آغاز بّری فوج کے سربراہ کے ایک سیمینار میں معیشت پر بیان سے ہوا۔
معیشت پر بیانات کے تبادلے میں نوبت یہاں تک آن پہنچی کہ سنیچر کو اس معاملے پر فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور کو ایک پریس کانفرنس میں اس پر بات کرنا پڑی۔
بظاہر تو اس پریس کانفرنس کا موضوع اور تھا لیکن تاثر یہ ملتا ہے کہ اس کا مقصد وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے اُس بیان کا جواب دینا تھا جس میں انھوں نے فوج کی طرف سے معیشت کے بارے میں بیان پر خفگی کا اظہار کیا تھا۔
٭ ’خطرہ فوج سے نہیں جمہوری تقاضے پورے نہ ہونے سے ہے‘
٭ ’فوج کے ترجمان معیشت پر بیان بازی سے گریز کریں‘
٭ ’ترقی تو ہے لیکن قرضے بھی آسمان کو چھو رہے ہیں‘
فوج کے ترجمان نے یہ باور کراتے ہوئے کہ وہ جو کچھ کہتے ہیں مسلح افواج کی طرف سے کہتے ہیں، کہا کہ انھیں وزیر داخلہ کے بیان پر بحیثیت عام شہری اور فوجی افسوس ہوا۔
میجر جنرل آصف غفور وزیر داخلہ کے بیان کا جواب دینے کے لیے پوری طرح سے تیار ہو کر آئے تھے۔
انھوں نے نہ صرف اپنے انٹرویو کی ریکارڈنگ ذرائع ابلاع کے نمائندوں کو سنوائی جس میں انھوں نے ملکی معیشت پر اظہار خیال کیا تھا بلکہ فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے خطاب کے بھی سیاق و سباق کی وضاحت کی۔
فوج کے ترجمان نے اس پریس کانفرنس میں ملکی معیشت پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے گذشتہ سال کی ٹیکس وصولیوں کے بھی اعداد و شمار رکھ دیے۔ ان اعداد و شمار کو پیش کر کے واضح طور پر انھوں نے کہا کہ ان کو بہتر کیا جانا بہت ضروری ہے۔
ملک میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد سیاسی بے چینی پائی جاتی ہے۔ ملک کے وزیر خزانہ اپنے خلاف بدعنوانی اور کرپشن کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس ماحول میں سول حکومت اور فوج کے تعلقات میں بدمزگی کے بارے میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طلعت مسود نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ملک کے اقتصادی اور معاشی حالات کا مستحکم ہونا بڑا ضروری ہے۔
'لیکن اس قسم کی بیان بازی اور خاص کر عوام میں جا کر ایسا کرنا ایک نیا رجحان ہے اور یہ عکاسی کرتا ہے کہ ریاست کے دونوں اداروں میں کس قسم کی کشیدگی اور تعلقات ہیں اور یہ صورتحال بہت افسوس ناک اور خطرناک ہے۔'
طلعت مسعود نے کہا کہ اگر کسی رائے کا اظہار کیا جانا ہے تو اس کے لیے نیشنل سکیورٹی کونسل سمیت مختلف فورم موجود ہیں تاکہ کسی بات پر اتفاق رائے قائم ہو سکے۔
'اس کے بجائے عوام میں جا کر اس قسم کے بیانات دینے سے ریاست کمزور ہو رہی ہے اور ہمارا ملک ایک مذاق بن گیا ہے۔'
تاہم تجزیہ کار ڈاکٹر مہدی حسن نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طلعت مسعود کی رائے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک میں کسی بحران کی صورتحال ہو تو ہر پاکستانی اور ادارے کو اس پر بات کرنے کا حق حاصل ہے۔

انھوں نے کہا کہ جنرل باجوہ اور فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ملک کی معاشی صورتحال پر فوج کا موقف دیا ہے اور اس میں کوئی قابل اعتراض بات نہیں ہے۔
ڈاکٹر مہدی حسن کے مطابق 'فوج کا مقصد ہرگز نہیں کہ وہ پالیسیز پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں بلکہ وہ صرف اس طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ اس وقت ملک کو درپیش مسائل میں ایک اہم مسئلہ معیشت کا ہے اور موجودہ حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔'
ضروری نہیں کہ ہر حکم تحریری ہو: آئی ایس پی آر
ڈاکٹر مہدی حسن نے سول حکومت اور فوج کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 'اس وقت کشیدگی ضرور موجود ہے کیونکہ موجودہ حکومت بھی نواز شریف کی حکومت کا ہی تسلسل ہے جس میں ہمارے وزیراعظم نواز شریف سے رائے لیتے ہیں اور ان کی پالیسی پر چلتے ہیں۔'
'سابق حکمران خاندان کی جانب سے جس طرح سے سپریم کورٹ پر براہ راست اور فوج پر بلواسطہ تنقید کر رہے ہیں وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے اور وہ بلواسطہ یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ فوج کے دباؤ میں یا کہنے پر دیا گیا گیا ہے۔'

جوڈیشل کمپلیکس میں رینجرز کی تعیناتی پر سول حکومت نے رینجرز حکام سے جواب طلب کیا تھا
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طلعت مسعود نے ڈاکٹر مہدی حسن کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ نون کی قیادت جنھجلاہٹ کا شکار ہے اور اس طرح کے بیانات دے رہی ہے تاکہ افراتفری پیدا ہو۔
’مجھے لگتا ہے کہ ایک دانستہ پالیسی کے تحت اس قسم کے بیانات دیے جائیں تاکہ افراتفری پیدا ہو اور یہ تاثر دیا جائے گا کہ مسائل ہماری وجہ سے نہیں بلکہ ریاستی اداروں سپریم کورٹ یا فوج کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں۔‘
تاہم انھوں نے کہا کہ دونوں جانب سے اس قسم کے بیانات سے نقصان ہو رہا ہے اور عوام بھی پریشان ہیں کہ معاملات خطرناک رخ اختیار کرتے جا رہے ہیں۔
'اس سے کیا حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ اس میں کسی ادارے کی بلادستی نہیں بنتی ہے جس میں اگر ملک کمزور ہو جائے لیکن ایک ادارہ یا دوسرا ادارہ مضبوط ہو جائے تو اس کا فائدہ کیا ہے۔'

No comments:

Post a Comment